اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم کے زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کے قتلِ عام کی شدید مذمت جبکہ بھارت کی سرحدی اشتعال انگیزی پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کے زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹس چیفس آف سٹاف زبیر محمود حیات، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان، وزیرِ دفاع خرم دستگیر اور وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے سربراہان بھی موجود تھے۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کے قتلِ عام، بھارتی دہشت گردی اور کابل میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں ملکی سلامتی اور سرحدوں کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔