اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کے پہلے گرین فیلڈ ہوائی اڈے کا افتتاح کر دیا۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ، گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا اور مشیر ہوا بازی بھی شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ تھے۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جمعرات سے باقاعدہ آپریشنل ہوگا۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح میرے لیے اعزاز کی بات ہے، بے شمار چیلنجز میں حکومت کرنا آسان کام نہیں، حکومتی اقدامات پر تنقید کرنا بہت آسان بات ہے، عملی طور پر کام کر کے دکھانا بہت مشکل کام ہے۔
شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا ملک میں ہزاروں کلو میٹر شاہراہیں بن رہی ہیں، 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کی، گیس کی طلب و رسد کا فرق مٹایا۔ انہوں نے کہا وقت کے ساتھ چلنا ہے تو جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا، ملک میں ترقی جمہوریت کی بدولت ہوتی ہے۔
چار ہزار ایکٹر سے زائد رقبے اور چار منزلوں پر مشتمل نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایک وقت میں 15 جہازوں کی بورڈنگ جبکہ ساڑھے چار ہزار سے زائد مسافروں کی گنجائش ہے۔ ائیرپورٹ پر 70 انٹرنیشنل، 42 امیگریشن اور 32 ڈومیسٹک چیک ان کاونٹرز، 2 رن وے، 6 ٹیکسی لنک اور تین ریپڈ ٹیکسی وے بنائے گئے ہیں۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کے لیے ایک سٹیٹ لاونچ جبکہ چار وی آئی پی لاونچز بھی ائیر پورٹ کا حصہ ہیں۔ ایئر پورٹ پر جدید سکینگ مشینز، لفٹس اور 10 سنسر گیٹس جبکہ گاڑیوں کے داخلے اور اخراج کے لئے 9 انٹری اور 9 ایگزٹ پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔ ایمرجنسی کی کے لیے ائیرپورٹ پر پچاس بیڈز پر مشتمل ٹراما سینٹر بھی بنایا گیا ہے۔ نئے ایئرپورٹ پر سالانہ ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن کارگو کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔