اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی سے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے حکومت اور پارٹی کا امیج متاثر ہو رہا ہے، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیرِاعظم کو لوڈشیڈنگ پر اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے حکومت اور پارٹی کا امیج متاثر ہو رہا ہے۔ سسٹم میں10 ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی شامل کرنا (ن) لیگ کا کارنامہ ہے، اس کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہیں، لوڈشیڈنگ پر عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔
وزیرِاعظم نے پارٹی قائد کو بتایا کہ حالیہ لوڈشیدنگ تکنیکی وجوہات اور سسٹم میں خرابی کے باعث ہوئی۔ سحر اور افطار میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ توانائی حکام نے بجلی کی پیداوار اور لوڈشیڈنگ جبکہ وزیرِ خزانہ نے آئی پی پیز کو ادائیگیوں اور گردشی قرضوں پر بریفنگ دی۔