کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ برسوں حکومت میں رہنے والی پیپلز پارٹی اور متحدہ آج عوام سے ووٹ مانگنے کے لیے سندھ اور مہاجر کارڈ کھیل رہی ہیں۔
پاکستان ہاؤس کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ چند دنوں سے کراچی میں ایک ڈرامہ کھیلا جا رہا ہے جس سے شہر کا امن تہہ وبالا ہو سکتا ہے۔ بلاول کے جلسے کے جواب میں متحدہ کے دھڑے مشترکہ جلسہ کر رہے ہیں۔ کیا دونوں کے ایک دوسرے پر لگائے گئے الزمات ختم ہو گئے؟
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے جاگ مہاجر جاگ کا چالیس برس پرانا نعرہ پھر سے لگا دیا، انہیں ٹنکی گراؤنڈ میں نہیں لیاری اور لاڑکانہ میں جلسہ کرنا چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر زیادہ ہوشیاری نہ دکھائیں، وہ چاہیں تو فنکشنل لیگ کے ساتھ مل کر اپنا اپوزیشن لیڈر بنا سکتے ہیں۔ وفاقی یا صوبائی نگران حکومت ان سے مشورہ کئے بغیر نہیں بن سکتی۔