ڈاکٹر فاروق ستار نے بہادر آباد گروپ پر پتنگیں کاٹنے کا الزام لگا دیا

Last Updated On 18 April,2018 06:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پی ایس پی کے بعد بہادر آباد گروپ پر بھی پتنگیں کاٹنے کا الزام لگا دیا، کہتے ہیں ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے والا ہے، تھوڑا اور صبر کر لیں۔

 

ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا تنظیمی بحران گھر کا اختلاف ہے، باہمی عزت و احترام کی حدود عبور کرنا ناقابل قبول ہے۔ فاروق ستار نے الزام عائد کیا کچھ لوگ زور زبردستی کر رہے ہیں۔ سینیٹر نگہت حنا مرزا پر دباؤ ڈال کر بہادر آباد میں شمولیت کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ آنےوالا ہے، تھوڑا اور صبر کرلیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے حوالے سے آرمی چیف اور چیف جسٹس کو خط لکھ دیا ہے لیکن اب تک کوئی جواب نہیں ملا۔

اس موقع پر سینیٹر نگہت حنا مرزا کا کہنا تھا کہ دو وکلاء ساتھیوں نے توہینِ عدالت کے کیس میں انہیں گھسیٹنے کی کوشش کی، خالد مقبول نے اتنے بڑے واقعے کے بعد مجھے ایک بار پوچھا تک نہیں۔