واسع جلیل نے ایم کیو ایم اور سیاست کو خیر آباد کہہ دیا

Last Updated On 28 April,2018 04:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیوایم کے سابق ترجمان اور رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل نے ایم کیوایم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہوئے سیاست کو خیر باد کہہ دیا۔

امریکہ میں مقیم واسع جلیل کا کہنا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے اب کوئی واسطہ نہیں ہے، وہ سیاست کو خیرباد کہہ رہے ہیں اور مستقبل میں کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوں گے۔

واسع جلیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مہاجر قوم ایک حقیقت ہے۔ تنظیم میں شہداء کا لہو شامل ہے اس تنظیم کو اللہ کے سواء کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ وہ مہاجر قیادت، ذمہ داران اور کارکنان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آپسی اختلافات بھلا کر ایک ہو جائیں۔ اگر وہ ایک نہ ہوئے تو مہاجر قوم تباہ اور اگلی نسلیں غلام بن جائیں گی۔ واسع جلیل کا کہنا ہے کہ ذمہ داریوں کے دوران اگر انہوں نے کسی کو تکلیف پہنچائی ہو تو سب سے معافی چاہتے ہیں۔