مصطفیٰ کمال نے متحدہ کی ایک اور پتنگ کاٹ دی

Last Updated On 28 April,2018 07:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کی ایک اور پتنگ کٹ گئی، ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی یوسف شاہوانی پی ایس پی میں شامل ہوگئے۔ چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندے جو عوام کا پیسہ لوٹ رہے ہیں وہ پیسہ آج بھی لندن بھیجا جارہا ہے۔

ایم کیوایم کی ایک اور پتنگ پی ایس پی کے آنگن میں آگری، پی ایس 90 سے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی یوسف شاہوانی پی ایس پی کو پیارے ہوگئے۔ پاکستان ہاؤس کراچی میں یوسف شاہوانی نے مصطفی کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندے جو عوام کا پیسہ لوٹ رہے ہیں وہ پیسہ آج بھی لندن بھیجا جارہا ہے، یہ سب ملے ہوئے ہیں۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ اس وقت پی ایس پی سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ اگر نگران حکومت کے لیے پی ایس پی کی مشاورت کے بغیر فیصلہ کیا گیا تو وہ اس فیصلے کو نہیں مانیں گے۔ مصطفی کمال نے نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ووٹ کی نہیں ووٹر کی عزت کریں۔