ٹنڈو جام: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ہے ن لیگ نے پاکستان کی تاریخ کا بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کیا، عوام نے حکومت کو آخری دن تک کام کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے، بجٹ ہم نے پیش کیا، اگلی حکومت تبدیلی کر سکتی ہے، مسائل جمہوریت کے تسلسل سے حل ہونگے۔
وزیراعظم شاہد خاقان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم پر الزام لگانے والے کوئی ایک الزام ثابت کر دیں، اہم قومی منصوبے کی تکمیل اور افتتاح کی خوشی ہے، جو وعدے کیے ان کو پورا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا نہ صرف پہلے سے زیرتکمیل منصوبوں کو مکمل کیا بلکہ نئے منصوبے بھی شروع کیے، منصوبوں کی تکمیل ن لیگ اور نواز شریف کے ویژن کی عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا ملک میں گیس کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں دی گئی، التوا میں پڑے منصوبوں پر اہم فیصلے کیے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا قومی منصوبوں کے نہ بننے پر سیکڑوں ارب کا نقصان ہوا، عوامی خدمت مسلم لیگ ن کے کام کرنے کا طریقہ ہے، ہم نے گیس کی فراہمی بہتر بنائی اور پلانٹس کی حالت کو بہترکیا۔ انہوں نے کہا ملک میں امن وامان کی ابتر صورتحال کو بہتر کیا، 65 سال میں وہ کام نہیں ہوئے جو ن لیگ نے 5 سال میں کیے۔