اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایون فیلڈ ریفرنس میں تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے عدالت میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا مریم نواز کی جے آئی ٹی میں جمع کرائی گئیں ٹرسٹ ڈیڈز جعلی ثابت ہوئیں۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کر رہے ہیں۔ ایون فیلڈ ریفرنس کے آخری گواہ عمران ڈوگر نے عدالت کو بتایا کہ حتمی رپورٹ کے بعد ملزمان کیخلاف ضمنی ریفرنس تیاری کی منظوری دی گئی، نیب نے جےآئی ٹی کی شروع کردہ ایم ایل اے کی پیروی کی، مجھے بتایا گیا یو کے سینٹرل اتھارٹی سے ایم ایل اے کا جواب موصول ہوچکا ہے۔
تفتیشی آفسر عمران ڈوگر نے عدالت کو بتایا 28 مارچ 2018 کو ریکارڈ کی نقول میرے حوالے کی گئیں، ریکارڈ میں لینڈ رجسٹری، لندن فلیٹ، یوٹیلیٹی بلز، کونسل ٹیکس دستاویزات شامل تھیں، ریکارڈد رخواست کے ذریعے عدالت میں پیش کیا۔ ۔ گواہ کا کہنا تھا دوران تفتیش نواز شریف بطور پبلک آفس ہولڈ ر ایون فیلڈ پراپرٹیز کے مالک پائے گئے، تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے ملزمان کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ہیں، ملزمان لندن جائیداد خریدے جانے کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے۔
یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز آج احتساب عدالت میں پیش نہ ہوئے، ان کے وکلاء نے عدالت سے ایک دن حاضری سے استشنیٰ کی درخواست دائر کی۔