لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں احتساب کبھی بھی بلا امتیاز نہیں ہوا۔ پہلے الیکشن چوری، پھر ایمان اور عقیدے اور اب چور، چور کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کاروبار کرنا ہمارا بھی حق ہے۔ جائیداد خریدنا اور ٹرانسفر کرنا کونسا جرم ہے؟ مجھ پر اور میرے خاندان پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ ڈوریاں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میری تمام جائیداد گوشواروں میں درج ہے۔ تمام تفصیلات نیب کو بھی مہیا کی گئیں۔ جون 2016ء میں 50 کنال زمین کا پیراگون سے تبادلہ کیا اور برکی روڈ پر تقریباً 44 کنال زمین خریدی۔ خواجہ سلمان نے 2014ء میں جگہ خریدی اور گوشوارے میں ظاہر کی۔
وزیرِ ریلوے نے سوال اٹھایا کہ کیا قانون کے مطابق جائیداد خریدنا اور تبادلہ کرنا جرم ہے؟ پہلے الیکشن چوری، پھر ایمان اور عقیدے اور اب چور، چور کا الزام لگایا جا رہا ہے۔