لاہور: (دنیا نیوز) سعد رفیق کا کہنا ہے نیب قانون سے متعلق میرا موقف ریکارڈ پر ہے، یہ کالا قانون ہے، پاکستان میں جب بھی احتساب کا نعرہ لگا اس کے مقاصد کچھ اور تھے۔ انہوں نے کہا انتظامیہ اور عدلیہ کے سربراہ میں ملاقات ملکی مفاد میں ہے، اللہ کرے ملک میں وقت پر انتخابات ہو جائیں۔
وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا تھا فرشتوں کی قوت اس طرح سے نہیں آ سکتی، ایک دوسرے پر الزام لگانا، چور کہنا اور ڈوریاں ہلانا اچھے کام نہیں، ہم نے نہ کبھی کسی کی سفارش کی اور نہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کھیل کھیلنے سے خرابیاں پیدا ہوں گی، عوام کو فیصلہ کرنے دیں کون ٹھیک ہے کون نہیں، ملک کو انتشار اور افراتفری کی طرف نہ لے جایا جائے۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ کوئی مڈبھیڑ یا تصادم نہ ہو، پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہم سیاسی جدوجہد کرینگے، کسی سے لڑیں گے نہ الجھیں گے۔ انہوں نے کہا جو کمایا ہے اس کی تفصیل سپریم کورٹ اور نیب میں دے دی، ریلوے کے مردہ ادارے میں جان ڈالی، جتنی خدمت کر سکتے تھے اپنی بساط سے بڑھ کر کی۔