اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف اور مریم نواز کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا نواز شریف اور مریم نواز خراب موسم کے باعث لاہور سے اسلام آباد نہیں آ سکے، آج کی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے نے خواجہ حارث سے استفسار کیا کیا تیسرا ملزم عدالت میں موجود ہے ؟ خواجہ حارث نے جواب دیا کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں موجود ہیں۔ احتساب عدالت کے جج نے نواز شریف اورمریم نواز کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے کارروائی شروع کرنے کی ہدایت دے دی۔
قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی خراب موسم کے باعث لاہور سے اسلام آباد روانہ نہ ہوسکے، ایون فیلڈ ضمنی ریفرنس کی سماعت کیلئے سابق وزیر اعظم اور ان کی صاحبزادی جب ایئر پورٹ پہنچے تو پائلٹ نے خراب موسم کے باعث طیارہ اڑانے سے انکار کر دیا۔ کچھ دیر کے انتظار کے بعد موسم بہتر نہ ہوا تو سابق وزیر اعظم کو احتساب عدالت میں پیشی کا ارادہ منسوخ کر کے واپس رائیونڈ جانا پڑا۔