لاہور: (دنیا نیوز) سعد رفیق کا کہنا ہے نواز شریف کو جیل بھجوانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں جس سے جمہوریت کمزور ہوگی ، شیر کو مقدمات میں پھنسانے کا کوئی فائدہ نہیں وہ زنجیر توڑ کر واپس آئے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بعض لوگ چاہتے ہیں کہ انکی مرضی سے پاکستان چلے لیکن ایسا نہیں ہو گا ، عدلیہ پارلیمنٹ کی حدود کا تعین کرے ، تمام ادارے قوانین کے مطابق کام کریں، قومی سلامتی سب کی ذمہ داری ہے ۔ سعد رفیق نے کہا کہ الزام تراشی بند کر کے عوام کو 2018 کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے ، نوازشریف عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں جو عوام ہی جیتیں گے۔ انہوں نے کہا 2018 کے انتخابات میں ن لیگ دو تہائی اکثریت سے واپس آئے گی ، واپس آ کر محاذ آرائی نہیں کریں گے۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی سیاستدانوں کو چور، ڈاکو اور غدار کہا جاتا رہا ، مقدمات بنا کر قیادت سے لوگوں کی محبت کو دور نہیں کیا جا سکتا ، نواز شریف جب آتا ہے تو تعمیر و ترقی کا طوفان لاتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں یہ سب کچھ پہلی بار نہیں ہو رہا ، سیاست کو جتنا دبائیں گے اتنا ابھرے گی ، آج پنجاب دیگر صوبوں کی نسبت ترقی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہمیں کام نہیں کرنے دیا ، کبھی عمران خان نے رخنہ ڈالا اور کبھی ریاستی اداروں کے پیچھے رہ کر کچھ عناصر رخنہ ڈالتے ہیں۔