مریم نواز کے وکیل نے واجد ضیاء کی دستاویزات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دستاویزات تو عربی میں ہیں، شاید واجد ضیاء کو عربی سمجھ آئے، انھوں نے عربی میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ جے آئی ٹی کے خطوط کے جواب میں برطانوی ایم ایل اے کا جوابی خط بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ امجد پرویز نے کہا کہ انھیں وہ خط نہیں دیے گئے جن کے جواب میں یہ خط آئے۔ کیسے پتہ لگے گا یہ کون سے خط کا جواب ہے۔
مریم نواز کے وکیل نے کہا ہے کہ ریفرنس تین میں ملزمان کو دی جانے والی کاپی میں صفحہ 235، 243 اور والیم تین کے اضافی آٹھ صفحات کیوں غائب ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بائنڈنگ کے وقت کچھ صفحات رہ گئے ہوں گے، اضافی آٹھ صفحات فراہم کر دیں گے۔ مریم نواز کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ خط کے بغیر صرف جواب کیسے ریکارڈ کا حصہ بن سکتا ہے؟ نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ بھیجے جانے والے خطوط والیم 10 میں ہیں۔
واجد ضیاء نے نیلسن، نیسکال اور کومبر گروپ کی ٹرسٹ ڈیڈ کی فرانزک رپورٹ جبکہ کیپیٹل ایف زیڈ ای میں نواز شریف کی ملازمت سے متعلق اقامہ بھی احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ کیس کی مزید سماعت 22 مارچ کو ہو گی۔