اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے نواز شریف کیخلاف تینوں ریفرنسز پر واجد ضیا کا بیان ایک ساتھ قلمبند کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
احتساب عدالت نے واجد ضیا کا بیان ایک ہی دن قلمبند کرانے کی نواز شریف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی ہے۔ پیر کے روز گواہ عبدالحنان پر خواجہ حارث جرح کریں گے۔ آئندہ سماعت پر فلیگ شپ ریفرنس میں نیب کے 4 گواہوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ادھر عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کے چھ گواہوں کو 7 مارچ جبکہ جے آئی ٹٰی کے سربراہ واجد ضیا کو لندن فلیٹس ریفرنس میں بیان دینے کیلئے 8 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔
اس سے قبل احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کی تینوں ریفرنسز میں واجد ضیا کا ایک ساتھ بیان قلمبند کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں ریفرنسز میں ایک گواہ کا بیان یکجا کرنے کا حکم دیا تھا، واجد ضیا کا الگ الگ بیان ہونے سے ہمارا دفاع کمزور ہو جائے گا۔ گواہ بہت تیز ہے اپنا بیان بہتر کر لے گا۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے نیب کی جانب سے نواز شریف کی درخواست کی مخالفت کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ نواز شریف کیس میں تاخیر کے لیے غیر موثر درخواستیں دائر کر رہے ہیں، لہذا نواز شریف کی یہ درخواست مسترد کی جائے۔ عدالت نے دونوں جانب سے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔