لاہور:(دنیا نیوز) جناح ہسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹروں نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ ایکسیڈنٹ میں پتوکی سے آنے والی خاتون کو ایمرجنسی سے نکال دیا۔
لاہور نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو کے مطابق ریسکیو 1122کی گاڑی دو معصوم بچوں سمیت زخمی خاتون کو پتوکی سے جناح ہسپتال لیکر آئی، ڈاکٹرز نے کہا ہماری مشین خراب ہے ہم اس مریضہ کو نہیں لے سکتے۔
ریسکیو ورکر نے بتایا کہ جناح ہسپتال کے سرجیکل ڈاکٹرز نے ہمیں گالیاں دیں اور مریضہ کو واپس لیجانے کا کہا، ٹریفک حادثے میں زخمی خاتون بےہوش تھی اور منہ سے خون بہہ رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق جناح ہسپتال کی ایمرجنسی سے نکال کر خاتون کو لاہور جنرل ہسپتال لیجایا گیا تاہم خاتون جاں بحق ہوگئی یا زندہ ہے اس حوالے سے تاحال کوئی رپورٹ نہیں آسکی۔