پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا کیسزکی شرح میں تیزی سے اضافہ، صوبہ بھر میں پشاور 26 فیصد شرح کیساتھ پہلے نمبر پر آ گیا۔ لوئر دیر 25 فیصد کورونا کیسز کی شرح کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران مثبت کیسز کی شرح میں روزانہ کی بنیاد پر تیزی سے اضافہ جاری ہے، صوبہ بھر میں تیسری لہر سے نمٹنے کےلیے حفاظتی اقدامات نہ اٹھائے جا سکے۔
صوبے بھر میں پشاور کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی شرح میں پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک کیسز کی تعداد 5 ہزار 154 تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ 14 دنوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد ریکارڈ کی گئی، صوبے بھر میں ایک ہی دن میں 34 اموات سمیت 12 سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، شہری کہتے ہیں گزشتہ لہر میں وائرس کی روک تھام کےلیے اٹھائے گئے اقدامات اس بار نظر نہیں آرہے۔
خیبرپختونخوا میں دوسرے نمبر پر ضلع لوئر دیر میں مثبت کیسز کی شرح 25 تک پہنچ چکی ہے، بونیر میں 23، نوشہرہ میں 20، مردان 19،سوات 16 جبکہ مہمند میں گزشتہ 14 دنوں میں مثبت کیسز کی شرح 12 فیصد ریکارڈ کی گئی۔