کورونا وائرس میں مبتلا بھارتی اداکار ستیش کول کا انتقال

Published On 11 April,2021 05:34 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہندوستان کے مشہور اداکار ستیش کول انتقال کر گئے ہیں۔ آنجہانی کی عمر 73 سال تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ستیش کول نے 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ وہ ان دنوں شدید کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے۔ چند دن قبل کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد انھیں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔

معاشی تنگ دستی کی وجہ سے وہ اپنا بروقت بہتر علاج بھی نہیں کروا سکے جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ آنجہانی اداکار کی ہمشیرہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چھ روز قبل ستیش کول کو بخار کی شکایت ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں عطیات سے چلنے والے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد ستیش کول نے امداد کے لیے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا۔ جس میں انہوں نے حکومتی شخصیات اور مداحوں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی تھی۔