اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے حکومت کی طرف سے کورونا پابندیاں 13 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں این سی اوسی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا وائرس کے حوالے سے لگائی گئی موجودہ پابندیوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں کورونا کے حوالے سے لگائی گئی موجودہ پابندیوں کو 13 اپریل تک بڑھانےکا فیصلہ کیا گیا، اور بتایا گیا کہ رمضان کے دوران پابندیوں سے متعلق مزید بحث اور فیصلوں پر تبادلہ خیال کے لئے 12 اپریل کو اجلاس ہوگا، جس میں خاص طور پر پابندیوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار پر توجہ دی جائے گی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی کافی مقدار کو وسط اپریل کے بعد پہنچنا ہے، اجلاس نے رمضان کے دوران ویکسینیشن پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل کورونا وائرس سے آج 100 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 15 ہزار 329 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 15 ہزار 968 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 139 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 45 ہزار 923، سندھ میں 2 لاکھ 68 ہزار 284، خیبر پختونخوا میں 97 ہزار 318، بلوچستان میں 20 ہزار 178، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 103، اسلام آباد میں 64 ہزار 902 جبکہ آزاد کشمیر میں 14 ہزار 260 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 6 لاکھ 88 ہزار 894 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 69 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 27 ہزار 561 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 204 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 100 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار 329 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 908، سندھ میں 4 ہزار 523، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 586، اسلام آباد میں 601، بلوچستان میں 213، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 395 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔