گھنٹیا کی دوا سے دل کے مریضوں کو بھی فائدہ پہنچتا ہے: آسٹریلوی ماہرین

Published On 04 September,2020 06:21 pm

پرتھ: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ گھنٹیا کی ایک دوا ’’کولچی سین‘‘ سے دل کے مریضوں بھی بہت فائدہ پہنچتا ہے اور وہ کئی طرح کے امراضِ قبل کی شدت سے محفوظ رہتے ہیں۔ یہ تحقیق یوروپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کی حالیہ آن لائن کانفرنس میں پیش کی گئی۔

واضح رہے کہ کولچی سین ایک قدیم دوا ہے جسے قدرتی حالت میں جنسِ زعفران (کروکس) کے پودے سے حاصل کرکے درد اور سوزش کے علاج میں استعمال کیا جاتا تھا۔ آج یہی دوا مصنوعی طور پر تیار کی جاتی ہے جسے گھنٹیا کے مرض میں جوڑوں کا درد ختم کرنے کےلیے عام استعمال کیا جاتا ہے۔

پانچ سال سے بھی زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی اس تحقیق میں 5,552 رضاکار رجسٹر کیے گئے جو سب کے سب دل کی کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا تھے۔

ان میں سے نصف کو ایک مہینے تک 0.5 ملی گرام کولچی سین روزانہ کھلائی گئی جبکہ باقی نصف رضاکاروں کو اتنی ہی مقدار میں کوئی اور بے ضرر سی چیز دی گئی۔

مطالعے کے اختتام پر معلوم ہوا کہ جن مریضوں نے ایک ماہ تک روزانہ کم مقدار میں کولچی سین استعمال کی تھی، انہیں آئندہ پانچ سال کے دوران فالج، دل کے دورے اور دل کی دیگر تکالیف کا بہت کم سامنا ہوا تھا۔

اس مطالعے کی روشنی میں ماہرین نے تجویز دی ہے کہ دل اور شریانوں کے امراض میں مبتلا افراد کےلیے روزانہ کم مقدار میں کولچی سین کا استعمال منظور کرلیا جائے کیونکہ اوّل تو یہ عام اور کم خرچ دوا ہے اور دوم اس کے ضمنی اثرات (سائیڈ ایفیکٹس) بھی بہت کم ہیں۔