فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی، گندم کی قیمتوں میں اضافے سے آٹے کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔
فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتیں ایک بار پھر سے انتظامیہ کے قابو سے باہر ہو گئیں۔ مارکیٹوں میں گندم کی قیمت 1800 روپے فی من اور آٹے کے بیس کلو گرام تھیلے کی قیمت 1200روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ شہری کہتے ہیں کہ حکام قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں جبکہ قیمتوں میں اضافے نے انکی زندگیاں اجیرن کررکھی ہیں۔
گندم اور آٹے کی قیمتیں بڑھنے سے عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی محال ہوگیا ہے البتہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضلِ ربی کہتے ہیں کہ قیمتوں میں اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔
فلور ملز مالکان کا کہنا ہے اگر انتظامیہ نے گندم کی قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا تو آئندہ آنے والے وقت میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے جس سے حالات مزید کشیدہ ہوجائیں گے۔