فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور شرح اموات بھی انتہائی خطرناک ہو چکی ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بازاروں میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے سے وائرس کے مزید پھیلاو کا خطرہ ہے۔
کورونا وباء نے پوری دنیا نرغے میں لے رکھی ہے، فیصل آباد میں اب تک 115 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 16 زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ لاک ڈاون میں نرمی کے بعد بازاروں میں ہر طرف شہریوں کا ہجوم دکھائی دے رہا ہے، فیس ماسک اور سماجی فاصلے کا بھی کوئی خیال نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے وائرس کے مزید پھیلاو کا خطرہ ہے۔
شہری ہوں یا تاجر کوئی بھی کورونا بچاو کے حفاظتی اقدامات نہیں اٹھا رہا، کورونا کے رجسٹرڈ مریضوں کے مطابق شرح اموات 15 فیصد ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔ ایم ایس غلام محمد آباد ہسپتال ڈاکٹر اعجاز بھٹی کہتے ہیں ٹیسٹنگ سہولت کم ہونے کے باعث مریضوں کی اصل تعداد معلوم ہی نہیں۔ بازاروں میں بے احتیاطی سے وائرس کے مزید پھیلاو کا خطرہ ہے۔
ضلعی انتطامیہ شہریوں کا بارہا بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کررہی ہے لیکن شہری ہیں کہ ماننے کو تیار ہی نہیں۔