اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے ایئرپورٹس پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے موبائل فونز چیک کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے اوورسیزپاکستانیوں کے موبائل فونز کی چیکنگ نہیں کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں پھیلائی گئی معلومات بے بنیاد اور غیر سنجیدہ ہیں، ایف آئی اے اپنے مینڈیٹ اور قانون کی سختی سے پابندی کرتی ہے، مسافروں کے وقار اور رازداری کو ہر وقت یقینی بناتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امیگریشن کاؤنٹرز پر کی جانے والی چیکنگ یا جانچ پڑتال متعلقہ قوانین کے مطابق کی جاتی ہے جو صرف ان قوانین کے تحت مخصوص شکوک وشبہات پر مشتمل معاملات تک محدود ہے۔
ایف آئی اے نے کہا کہ عوام درست معلومات کیلئے صرف سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں، غیر تصدیق شدہ پیغامات کا اشتراک کرنے سے گریز کریں جو غیر ضروری گھبراہٹ اور الجھن پیدا کرتے ہیں، کسی بھی تشویش یا سوال کیلئے مسافر ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں یا سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں۔