اسلام آباد: (دنیا نیوز/ ویب ڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے روس سے خام تیل خریدنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس سے خام تیل سے متعلق کوئی ڈیل نہیں ہوئی، روس سے خام تیل سے متعلق ڈیل کی خبریں بالکل غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ کسی ایسے نتیجے پر نہیں پہنچے کہ کوئی ڈیل ہو رہی ہے، روس سے خام تیل کا کوئی کارگو نہیں خرید رہے، ایسا فریم ورک بنا رہے ہیں کہ صارف کو سستا تیل ملے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایل این جی کا کوئی اضافی کارگو نہیں لے گا، ہمارے پاس ایل این جی سر پلس ہے، ایل این جی کی قیمتیں گر چکی ہیں، پاکستان اپنے 5 ایل این جی کارگو مؤخر کر چکا ہے، مزید 5 ایل این جی کارگو کو مؤخر کرنا زیرِ غور ہے۔