21 نومبرکو خادم رضوی کی برسی پر عام تعطیل کی خبر جھوٹی نکلی

Published On 20 November,2024 05:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک لبیک پاکستان کے سابق رہنما خادم حسین رضوی کی 21 نومبر کو برسی کے موقع پر عام تعطیل سے متعلق خبر جھوٹی نکلی۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش کر رہی تھیں کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سیاسی و مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے سابق رہنما خادم حسین رضوی کی برسی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

19 نومبر کو سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس پر ایک گرافک گردش کر رہا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے خادم حسین رضوی کی برسی کے موقع پر 21 نومبر کو چھٹی کا اعلان کیا۔

پوسٹ میں نجی نیوز چینل کے جعلی فیس بک اکاؤنٹ پر ایک مبینہ پوسٹ میں لکھا گیا کہ ’’خادم حسین رضوی کی برسی کے موقع پر 21 نومبر کو لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔

پنجاب حکومت نے واضح کیا کہ ایسا کوئی اعلان نہیں کیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا سکرین شاٹ من گھڑت ہے، پنجاب کی وزیر اطلاعات نے بھی تصدیق کی کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ایسی کسی عام تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا۔