اسلام آباد: (ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانیوں کیلئے یو اے ای کی ویزا پابندی کو ’فیک نیوز‘ قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کردی۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت حانے سے منسلک ترجمان فرخ حسین نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس معاملے پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای حکومت نے کسی شہر، زبان یا مسلک کی بنیاد پر کوئی پابندی نہیں لگائی، یہ سب پروپیگنڈا اور افواہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جب جب پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات بہتری کی طرف جارہے ہوتے ہیں تو اس طرح کی افواہیں پھیلنا شروع ہوجاتی ہیں، ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
بخیت عتیق الرمیثی نے مزید کہا کہ پاکستان کے کسی شہری پر یو اے ای کے ویزے کے حصول کی پابندی نہیں۔ قونصل جنرل امارات نے پاکستان کے بیشتر شہروں میں پیدا ہونیوالے شہریوں کیلئے یو اے ای ویزا کی پابندی کی اطلاعات کو ’فیک نیوز‘ قرار دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شہری بلاتفریق متحدہ عرب امارات کے وزٹ یا دیگر کسی بھی ویزا کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں اور انہیں ویزے دیئے جارہے ہیں۔