ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) چاند کی سطح تک پہنچنے والا پہلا مسلم ملک بننے کے قریب پہنچ گیا۔
امارات کا چاند کی سطح پر اترنے والا روور راشد اسپیس ایکس کے راکٹ کے ذریعے امریکی ریاست فلوریڈا کے لانچ سینٹر سے خلائی سفر پر روانہ کیا گیا جس میں روور کے ساتھ ساتھ ایک جاپانی کمپنی آئی اسپیس کا لینڈر بھی موجود ہے جو چاند کی سطح سے گرد کو اکٹھا کر کے امریکی خلائی ادارے ناسا کو فروخت کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ جب چاند کو کاروباری سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ راکٹ لانچ ہونے کے 35 منٹ بعد آئی اسپیس لینڈر راکٹ سے الگ ہو گیا جس کے بعد اسپیس ایکس کا فالکن 9 راکٹ کامیابی سے واپس زمین پر لینڈ کر گیا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات اس سے پہلے مریخ پر اپنے ایک مشن کو کامیابی سے بھیج چکا ہے تاہم اب وہ چاند کی سطح پر بھی روور کو اتارنا چاہتا ہے۔ اس روور کا وزن 10 کلو گرام ہے اور اگر یہ کامیابی سے چاند کی سطح پر اتر جاتا ہے تو یہ پہلی بار ہوگا کہ کسی مسلم ملک کا مشن وہاں پہنچنے میں کامیاب ہوگا۔
یہ بھی واضح رہے کہ اب تک صرف امریکہ، چین اور روس کے مشن ہی چاند پر کامیابی سے لینڈ کر پائے ہیں۔ حالیہ برسوں میں بھارت اور اسرائیل کی جانب سے چاند پر بھیجے جانے والے مشنز کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔