بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں جعلی ویڈیو پلیٹ فارم چلانے والے ملزم کو ساڑھے تین سال قید اور 2 لاکھ 34 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنادی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں جعلی ویڈیو پلیٹ فارم ’’وائی وائی ای ٹی ایس ڈاٹ کام‘‘ چلانے پر ایک شخص کو ساڑھے تین سال قید اور 15لاکھ یوآن (تقریباً2لاکھ 34ہزار551 امریکی ڈالر) جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
یہ ویڈیو پلیٹ فارم صارفین کو فلموں اور ٹی وی شوز کی جعلی کاپیاں براہ راست دیکھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کررہا تھا۔ ملزم کو سزا شنگھائی کی نمبر 3 انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ میں سنائی گئی۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ 2018 سے، لیانگ یونگ پھنگ نے دو کمپنیاں قائم کیں اور وائی وائی ای ٹی ایس ڈاٹ کام کی ویب سائٹ اور ایپس کو تیار کرنے اور چلانے کے لیے کئی افراد کی خدمات حاصل کیں۔
ملزم نے غیر ملکی ویب سائٹس سے غیر مجاز ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کیں، ویڈیوز کا چینی زبان میں ترجمہ کیا اور کاپی رائٹ مالکان کی اجازت کے بغیر سب ٹائٹل کے ساتھ ویڈیوز کو لوگوں تک پھیلانے کے لئے اپنے سرورز پر اپ لوڈ کیا۔
ملزم نے رکنیت سازی اور اشتہاری فیس وصول کرنے کے ساتھ پورٹیبل ہارڈ ڈرائیوز میں ان جعلی ویڈیوز کو اسٹور کرکے اور فروخت کرکے غیر قانونی منافع کمایا۔