نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس کی طلاق کی خبروں کو افواہ قرار دیدیا گیا۔
پریانکا چوپڑا نے 3 سال قبل 2018ء میں نک جونس سے شادی کی تھی اور ان کی شادی کے فوری بعد ہی ان کے درمیان اختلافات، علیحدگی اور طلاق کی افواہیں پھیلتی آ رہی ہیں اور بعض بھارتی ناقدین کا خیال ہے کہ پریانکا چوپڑا کی شادی کچھ ہی سال میں ختم ہو جائے گی۔
بولی وڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑا شادی اور طلاق کی وجہ سے ہر وقت خبروں میں رہتی ہیں اور حال ہی میں افواہیں پھیلیں کہ وہ شوہر امریکی گلوکار نک جونس سے الگ ہو چکی ہیں۔
چند دن قبل پریانکا چوپڑا کی طلاق کی افواہیں اس وقت پھیلنا شروع ہوئیں جب کہ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے نام کے پیچھے سے شوہر کا نام ’جونس‘ ہٹایا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اداکارہ کی جانب سے شوہر کا نام ہٹائے جانے کے بعد ان کی طلاق کی افواہیں پھیلیں اور لوگوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں الگ ہو چکے ہیں۔
تاہم جوڑے کی طلاق کی افواہیں پھیلنے کے بعد جلد ہی پریانکا چوپڑا کی والدہ نے وضاحت کی کہ ان کی بیٹی کی طلاق نہیں ہوئی۔
مدھو چوپڑا نے ’نیوز 18‘ کو بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی ختم ہونے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، ان کی بیٹی اور داماد خوش زندگی گزار رہے ہیں۔
اداکارہ کی والدہ کی جانب سے وضاحت کرنے کے بعد پریانکا چوپڑا نے بھی شوہر کی انسٹاگرام پوسٹ پر رومانوی کمنٹ کرکے عندیہ دیا کہ ان کے درمیان طلاق نہیں ہوئی۔
پریانکا چوپڑا نے شوہر نک جونس کی ورزش کرنے کی ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے شوہر کی بانہوں میں مرجانے کی خواہش کا اظہار کیا، جس سے لوگوں نے سمجھا کہ دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں درست نہیں تاہم تاحال نک جونس اور پریانکا نے خود طلاق یا علیحدگی کی افواہوں پر وضاحت نہیں کی۔
دوسری جانب بعض لوگوں کا خیال ہے کہ پریانکا چوپڑا کی آنے والی فلم ’میٹرکس فور‘ کی جانب لوگوں کی توجہ کروانے کے لیے ان کی شوہر سے علیحدگی کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔