ملک امین اسلم اور اور زرتاج گل میں جھگڑے کی خبریں گمراہ کن اور افواہ قرار

Published On 25 November,2021 11:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور اور وفاقی وزیر زرتاج گل کے درمیان جھگڑے کی خبروں کو گمراہ کن اور افواہ قرار دیدیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے حکومتی وزراء کے درمیان گلاسکو میں جھگڑے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔ رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کے خلاف پارٹی کے انضباطی ونگ سے رجوع کروں گا۔

ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ ریاض فتیانیہ کی پبلک اکاونٹس کمیٹی میں کی گئی گفتگو جھوٹی ہے، فاضل ممبر کا الزام 200 فیصد جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی ہے، زرتاج گل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے باعث جلد وطن واپس آنا پڑا، کہا گیا کانفرنس میں پاکستان کے کروڑوں روپے ڈوب گئے، کانفرنس پر پاکستان کا ایک روپیہ بھی نہیں خرچ ہوا، کانفرنس مکمل طور پر غیر ملکی ڈونرز کے تعاون سے ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاض فتیانہ کو غلط فہمی کیوں ہوئی سمجھنے سے قاصر ہوں، ریاض فتیانیہ خود بغیر کسی دعوت نامے کے ایک این جی او کی سپانسرشپ پر پہنچے، کانفرنس میں پاکستانی پویلین مصروف ترین مرکز رہا، دنیا بھر کے میڈیا نے پاکستانی پویلین اور کلائمیٹ ویژن کو کوریج دی، 50 کے قریب موسمیاتی تبدیلی کے وزراء سے دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں، امریکی صدر نے پاکستانی کوششوں کو سراہا، برطانوی وزیراعظم خود پویلین تشریف لائے، پارٹی الزامات کی تحقیقات کرے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔