نیو یارک: (اے پی پی)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی پیش کردہ ایک ایسی قرارداد کے مسودہ کی متفقہ طور پر منظور ی دے دی ہے جس میں انسانی حقوق کو کمزور کرنے والی ہر قسم کی غلط اور گمراہ کن معلومات کی روک تھام کے لیے کثیر الجہتی ردعمل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم نے انسانی حقوق اور بنیادی آزادی کے تحفظ اور فروغ کے لیے غلط معلومات کی روک تھام کے عنوان پر مبنی یہ قرارداد سماجی اور ثقافتی امور پر کام کرنے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں گزشتہ روز پیش کی۔ اس قرارداد کی باضابطہ منظوری آئندہ ماہ دی جائے گی۔
سفارتکاروں نے کہا کہ یہ قرارداد تمام رکن ریاستوں کی وسیع مشاورت کا نتیجہ ہے۔ دنیا آج غلط معلومات کے تیزی سے پھیلا ﺅسے دوچار ہے جو سماجی انتشار، قوم پرستی، امتیازی سلوک، نفرت انگیز تقاریر، بدنامی نسل پرستی، زینو فوبیا(غیرملکیوں سے نفرت)، اسلامو فوبیا اور عدم برداشت کا باعث بن رہی ہے ۔