لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم خود سے متعلق جھوٹی خبریں چلانے پر بھارتی میڈیا پر برس پڑے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کے نام کی منظوری دی تھی جس پر ان سمیت قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے انہیں مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
لیکن بھارتی میڈیا جو پاکستان کے ہر معاملے میں پروپیگنڈا کرتا ہے اس معاملے پر بھی جھوٹی اور من گھڑت خبریں چلانے سے باز نہ آیا۔
بھارت کے بڑے میڈیا گروپ نے یہ خبر شائع کی کہ وسیم اکرم بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بننے کے خواہشمند تھے لیکن ان کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔
وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی اس طرح کی جھوٹی خبروں کو پھیلانا بند کر دیں اور ذرائع ٹھیک کر لیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹائمز آف انڈیا کا شمار بھارت کے بڑے اور معتبر اخبارات میں ہوتا ہے لیکن اس طرح کی بے بنیاد خبروں سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔
Please stop spreading such fake news. Get your sources right.TOI is one of India’s top and credible newspapers and such baseless news can only hurt that image.PCB chairman’s post is a specialised job and I was never interested in it. Thank God, I am content where I am in my life https://t.co/tI9S508nDw
— Wasim Akram (@wasimakramlive) August 31, 2021
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا عہدہ ایک اسپیشلائزڈ ملازمت ہے اور میں نے کبھی بھی اس عہدے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ اللہ کا شکر ہے کہ میں آج زندگی میں جس مقام پر ہوں وہاں مطمئن ہوں۔
اپنے ایک اورٹویٹ میں وسیم اکرم نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے رمیز راجہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نامزد ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔
Congratulations to @iramizraja on being nominated as BOG member by PM to being PCB chairman I am confident that Rams will bring a positive change in Pakistan cricket as he has the vision and experience to achieve that.Pakistan cricket needs a big lift and my support are with you
— Wasim Akram (@wasimakramlive) August 31, 2021
انہوں نے لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ رمیز راجہ پاکستان کرکٹ میں مثبت تبدیلی لائیں گے، ان کے پاس ویژن اور تجربے موجود ہے۔ پاکستان کرکٹ کو اوپر اٹھانے کی ضرورت ہے اور میری حمایت رمیز راجہ کیساتھ ہے۔