پاکستان، ترکی میں مہاجر مراکز سے متعلق خبریں جعلی قرار

Published On 24 August,2021 07:36 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی میں مہاجر مراکز سے متعلق خبر کا حقیقت سے قطعاً کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار ترک وزیر خارجہ نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں یوراگوئے کے وزیر خارجہ فرانسسکو بسٹل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

پاکستان اور ترکی میں مہاجر مراکز کے قیام سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف بھی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ یہ خبربالکل غیر حقیقی ہے۔ خبر میں کہے گئے الفاظ برطانیہ وزارت دفاع کی طرف سے قطعاً ادا نہیں کئے گئے۔ بی بی سی نے غلطی کا ادراک کر کے ٹویٹ کو فوراً ڈیلیٹ کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ہم نے افغانستان سے 404 افراد کا انخلاء کیا ہے۔ان افراد میں سے 61 ہمارے شہری ہیں۔ باقی افراد دیگر ممالک کے شہری ہیں۔ ملک میں ہمارے شہریوں کی تعداد 4 ہزار 500 کے لگ بھگ ہے۔ہم نے سب کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترک شہریوں کے ایک بڑے حصے نے واپسی کی خواہش ظاہر نہیں کی۔ لیکن ان میں سے بعض اپنا فیصلہ تبدیل کر رہے ہیں۔ ہم نے ضروری تنبیہات کر دی ہیں اور کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس وقت 200 کے قریب ترک شہریوں نے واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔