لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے متعلق جعلی خبریں پھیلائی جانے لگیں۔ جس کی تردید انہوں نے خود کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لکھا کہ سوشل میڈیا پر مجھ سے منسوب ایک بیان وائرل کیا جا رہا ہے جس کو حقائق کے برخلاف پیش کیا جارہا ہے۔ میرا یہ بیان نجی ٹیلیویژن کے لئے دیا گیا BEEPER ہے جو کہ گلگت بلتستان سے متعلق تھا۔ میرا یہ Beeper گلگت بلتستان کے انتخاب سے قبل گزشتہ سال ریکارڈ کیاگیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میرے اس بیان کو بعض عناصر اپنے مذموم مقصد کے لئے جان بوجھ کرکشمیر سے منسوب کرکے چلا رہے ہیں، آزاد کشمیر کو پاکستان کا نیا صوبہ بنانے کی تجویز کسی بھی فورم پرمیرے سامنے زیر بحث نہیں آئی اور نہ میں نے ایسا جوئی بیان دیا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کو پاکستان کا نیا صوبہ بنانے کے نہ کبھی حق میں تھا اور نہ کبھی ہونگا کشمیر کی جدوجہد آزادی کا حامی ہوں اور دونوں طرف کے کشمیری میرے اس کردار سے بخوبی واقف ہیں۔
شیخ رشید نے مزید لکھا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں شکست کی خفت مٹانے کے لئے اپوزیشن میرے بیان کو توڑ موڑ کر پیش کر کے گھٹیا حرکت کر رہی ہے۔