نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کورونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات لوگوں کو ہلاک کر رہی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق امریکی صدر نے جب غلط معلومات اور فیس بک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے پیغام کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کو ہلاک کر رہے ہیں، کورونا وبا کا پھیلاؤ صرف ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے درمیان ہی ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فیس بک، ٹوئٹر اور الفبیٹ انکارپوریشن (گوگل) کی ملکیت یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وبائی مرض کے دوران کووڈ 19 کی غلط خبروں کا پھیلاؤ نظر آیا۔ محققین اور قانون ساز طویل عرصے سے فیس بک پر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز پر نقصان دہ مواد کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔
کمپنی نے کورونا اور ویکسین کے بارے میں مخصوص جھوٹے دعوے کرنے کے خلاف قواعد متعارف کرائے ہیں اور کہا ہے کہ وہ لوگوں کو ان موضوعات پر قابل اعتماد معلومات فراہم کرتے ہیں۔
فیس بک کے ترجمان کیون میکلیسٹر نے کہا ہے کہ ہم ان بے بنیاد الزامات سے اپنے کام سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، حقیقت یہ ہے کہ 2 ارب سے زیادہ افراد نے فیس بک پر کورونا اور ویکسین کے بارے میں مستند معلومات حاصل کی ہیں جو انٹرنیٹ پر کسی بھی دوسری جگہ سے کہیں زیادہ ہے۔ 33 لاکھ سے زائد امریکیوں نے ویکسین کہاں اور کس طرح لینا ہے یہ جاننے کے لیے ہمارے ویکسین فائنڈر ٹول کا استعمال کیا ہے، حقائق بتاتے ہیں کہ فیس بک جان بچانے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔