سوشل میڈیا پر دلیپ کمار سے متعلق جعلی خبریں پھیلائی جانے لگیں

Published On 26 July,2021 09:23 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر سابق بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار کی جائیداد سے متعلق جعلی خبریں پھیلائی جانے لگیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر جعلی خبریں شیئر کی جا رہی ہیں کہ جس میں دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کے سابق لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے اپنی 98 کروڑ بھارتی روپے کی جائیداد کو عطیہ کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حقائق کو جاننے کے بعد پتہ چلا کہ یہ خبریں جعلی ہیں اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ سائرہ اور دلیپ کمار کی طرف سے ان کی پراپرٹی کو عطیہ نہیں کیا گیا۔ اور نہ ہی انہوں نے اسے بیچا ہے۔

واضح رہے کہ بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار 7 جولائی کو ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ 98 سالہ دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔

دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کے ترجمان فیصل فاروقی نے ٹویٹ کی تھی کہ بھاری دل اور گہرے دکھ کے ساتھ میں یہ اعلان کر رہا ہوں کہ ہمارے پیارے دلیپ کمار کچھ منٹ پہلے انتقال کرگئے ہیں۔ ہم خدا کی طرف سے ہیں اور ہمیں اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

یاد رہے کہ دلیپ کمار کا شمار بھارت کے بہترین اور سینئر اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے ساٹھ سالہ اداکاری کے کریئر کے دوران ساٹھ سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں مغل اعظم، انداز، کرانتی اور دیگر لاتعداد فلموں نے بے مثال کامیابی حاصل کی۔

دلیپ کمار نے 62 فلموں میں اداکاری کی۔ ان کی پہلی فلم ‘جوار بھاٹا’ 1944 میں ریلیز ہوئی۔

سنگ دل، امر، اڑن کھٹولہ، آن، انداز، نیا دور، مدھومتی، یہودی اور مغل اعظم ایسی چند فلمیں ہیں۔ فلم کوہ نور، آزاد، گنگا جمنا اور رام اور شیام میں ایک کامیڈین کی اداکاری کر کے مزاحیہ اداکاری بھی اپنا لوہا منوایا۔

دلیپ کمار کو بہترین اداکار کے 8فلم فیئر ایوارڈ ملے۔ انہیں 1994 میں بھارتی فلم کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔

پاکستان حکومت کی طرف سے 1998 میں ان کو پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشان امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ دلیپ کمار پاکستانی حکومت کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔

یوسف خان نے 2015 میں بھارت کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدما بھوشن حاصل کیا۔ 1998 میں فلم ‘ قلعہ ‘ میں کام کرنے کے بعد فلمی دنیا کو خیرباد کہا۔

دلیپ کمار 2000 میں بھارت کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن بھی منتخب ہوئے۔

دلیپ کمار کے نام سے پہچانے جانے والے محمد یوسف خان 1922 میں پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہوئے اور خاندان کیساتھ 1935 میں بھارت منتقل ہوگئے۔ ان کا آبائی گھر پشاور میں آج بھی موجود ہے۔

برصغیر کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے ستارے نے فنی زندگی کا آغاز جوار بھاٹا سے کیا، فلم جگنو میں لازوال کردار نبھانے پر انہیں ٹریجڈی کنگ یعنی المیہ کرداروں کا بادشاہ پکارا جانے لگا۔

انہیں بالی ووڈ کی تاریخ کا کامیاب اور عظیم ترین اداکار تصور کیا جاتا ہے۔ 60 سالہ فلمی کریئر پر محیط سفر میں دلیپ کمار نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا۔ 1966 میں اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔