لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکارہ غنیٰ علی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پہلے سے شادی شدہ شخص کے ساتھ شادی کرنے کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اداکارہ غنیٰ علی نے اپنے کیریئر اور شادی کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعات پر لب کشائی کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’میرے شوہر بہت مہذب آدمی ہیں اور میں چاہتی ہوں کہ میری بیٹی کو بھی ایسا ہی شوہر ملے‘۔
انہوں نے شادی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہونے والی تنقید اور اپنے شوہر کی سابقہ اہلیہ کی جانب سے کھڑے کئے گئے تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پہلے سے ذہنی طور پر تیار تھی کہ لوگ کہیں گے کہ میں نے ایک ہنستا بستہ گھر توڑا ہے لیکن ایسا نہیں ہے، میرے شوہر کی سابقہ اہلیہ سب کچھ جانتی تھی وہ اور میرے شوہر ایک ساتھ خوش نہیں تھے اس لئے ان دونوں نے طلاق لی اور اس کے بعد ہم نے شادی کی اور اس بارے میں وہ خاتون سب کچھ پہلے سے جانتی تھی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری شادی کے اعلان کے بعد مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا، مجھ پر گھر توڑنے کا الزام کیوں لگایا، میں یہ سب دیکھ اور سن کر بہت حیران رہ گئی تھی، مجھے یہ بھی بتایا گیا کہ انہوں نے خودکشی کرلی ہے لیکن خاموش تھی کیونکہ میں جانتی ہوں کہ کسی کے لئے بھی یہ سب تسلیم کرنا تھوڑا مشکل ہوسکتا ہے‘۔
انہوں نے اپنے شوہر کے الفاظ دُہراتے ہوئے کہا کہ ’میرے شوہر مجھے کہتے ہیں کہ ایسا ردعمل وہاں آئے جہاں میاں بیوی ایک دوسرے سے خوش ہوں تو سمجھ بھی آتا ہے لیکن جب آپ یہ جانتے ہیں کہ دونوں ایک دوسرے سے خوش نہیں ہیں ، ایک ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور یہ بھی جانتے ہیں کہ ایسا کچھ ہوسکتا ہے تو ایسا ردعمل بے وجہ ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں ان کے شوہر نے ان کا بہت ساتھ دیا۔