لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سمیت رابطوں کے تمام ذرائع سے دور رہنے کا فیصلہ کرلیا۔
اداکارہ نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ کے ذریعے شوبز کی سرگرمیوں سمیت معمولات زندگی سے دو ہفتے کی دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ وہ آج شب سے دو ہفتوں کے لیے سب سے کٹ کر رہیں گی اور اس عرصے کے دوران موبائل فون، انٹرنیٹ، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا سمیت کسی بھی ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کریں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ذہنی و جسمانی سکون کے لیے دو ہفتے سے اس کا منصوبہ بنارہی تھیں اور بالآخر اس منصوبے پر عمل کا آغاز کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔
عائشہ عمر کے مطابق اس عرصے کے دوران وہ کسی سے رابطہ نہیں کریں گی کم کھائیں گی، مطالعہ کریں گی اور اپنے خالق سے تعلق مضبوط کرنے کی کوشش کریں گی۔
اداکارہ و ماڈل نے کام کے حوالے سے رابطے کے خواہشمندوں کے لیے دو آئی ڈیز بتائی ہیں جبکہ ذاتی رابطوں کے لیے انہوں نے کہا ہے کہ ان کی والدہ سے رابطہ کیا جائے۔
معروف ادکارہ عائشہ عمر نے مزید کہا ہے کہ دو ہفتے کے عرصے میں وہ نئی عادات اپنانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔