پاکستانی سینما نے محدود وسائل کیساتھ شاندار کامیابیاں سمیٹیں: فواد خان

Published On 17 April,2023 10:45 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی سپر اسٹار فواد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی سینما نے اپنے محدود وسائل کے ساتھ شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی سینما کا عالمی سینما کے ساتھ موازنہ نہیں کرنا چاہئے کیوں کہ ہمارے وسائل اور مواقع بہت کم تعداد میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آپ ایسی فلم کو جس کا بجٹ پندرہ سے بیس کروڑ ہو، اس کا مقابہ ایسی فلم سے نہیں کرسکتے جس کا بجٹ چار پانچ سو ملین ڈالر مختص کیا گیا ہو، یہاں تک کہ ہمارے پڑوس انڈیا میں بھی تین سو یا چار سو کروڑ بجٹ کی فلمیں بنتی ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی سینما میں اب حالات اچھے ہیں، لوگوں کو اچھا ریٹرن مل رہا ہے اور اگر یہ سرکل چلتا رہا تو پھر ہماری فلم انڈسٹری بھی ترقی کی راہ پر لگ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فنکاروں کو غیر ملکی پروجیکٹ میں کام کرنا چاہئے لیکن اگر ہمیں دنیا میں اپنی شناخت بنانی ہے تو پھر ہمیں اپنے پروجیکٹ دنیا کو دکھانے پڑیں گے اور اس سے پوری دنیا میں ہماری پہچان بنے گی۔