ماہرہ خان کی دیوانی مداح اداکارہ سے ملاقات پر گلے لگ کر رو پڑی

Published On 17 April,2023 11:58 am

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان سے ملاقات کا خواب پورا ہونے پر مداح جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے رو پڑی۔

ماہرہ خان پاکستان شوبز کی سپر سٹار ہیں جن کے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مداح موجود ہیں اور وہ اداکارہ کی ایک جھلک دیکھنے کو بے قرار رہتے ہیں۔

ماہرہ خان ہمیشہ اپنے مداحوں سے گرم جوشی سے ملتی ہیں اور اس ہی لئے وہ شائستہ اور خوش مزاج اداکارہ کے طور پر جانی جاتی ہیں، ماہرہ اپنے مداحوں سے ملنے اور ان کے ساتھ تصاویر بنوانے سے بھی کبھی انکار نہیں کرتیں۔

حال ہی میں ماہرہ خان ایک تقریب میں موجود تھیں جہاں مداحوں نے انہیں گھیر لیا ان سے ملاقات کی، تاہم ان میں سے ایک مداح اپنی پسندیدہ اداکارہ کو دیکھ کر اس قدر خوش ہوئی کہ انہیں اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور ان کے گلے لگ کر رو پڑی۔

ماہرہ نے اپنی اس پرجوش مداح کو گلے لگایا، تسلی دی اور اس کے ساتھ خوب تصاویر بھی بنوائیں، اس موقع پر ماہرہ بھی مداحوں کی جانب سے ملنے والے پیار کو دیکھ کر جذباتی ہو گئیں اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ ماہرہ خان حال ہی میں اپنی فلم قائد اعظم زندہ باد اور دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں تھیں۔