ریلیز سے قبل فلم کی کامیابی بارے نروس ہوتا ہوں : فواد خان

Published On 17 April,2023 02:49 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کسی بھی فلم کی ریلیز سے قبل اس کی کامیابی کے بارے نروس ہوتے ہیں اور انہیں بہت سی چیزوں کا دباؤ محسوس ہوتا ہے۔

فواد خان ایک شاندار پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے اداکار ہیں اور ایک بہت کامیاب موسیقار بھی رہے ہیں ، اداکار اس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں اور بیک ٹو بیک فلمیں دے رہے ہیں، ان کی سپر ہٹ فلم ’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ نے بڑا بزنس کیا ہے ، ان کی فلم ’ منی بیک گارنٹی ‘ ریلیز ہونے والی ہے جبکہ ایک اور فلم ’ نیلوفر ‘ بھی ریلیز ہونے کا امکان ہے۔

اداکار ان دنوں اپنی آنے والی فیچر فلم ’ منی بیک گارنٹی ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو عید الفطر پر دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔

حال ہی میں فواد نے نجی انٹرویو کے دوران اپنی آنے والی فلم کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ فلم ’ منی بیک گارنٹی ‘شائقین کے لیے ایک بہترین تفریحی پیکج ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ میں اپنی کسی بھی فلم کی ریلیز سے پہلے اس کی کامیابی کے حوالے سے نروس محسوس کرتا ہوں اور مجھے بہت سی چیزوں کا دباؤ محسوس ہوتا ہے جیسے کہ کیا میں کافی اچھا ہوں؟ کیا میں اچھا کام کر رہا ہوں؟۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ ہر چیز کا دباؤ لیتے ہیں کیونکہ آپ کا کیریئر اور آپ کے مستقبل کے منصوبے موجودہ پروجیکٹ پر منحصر ہیں اور اگر آپ ڈیلیور نہیں کریں گے تو بریکنگ پوائنٹ ہو گا اور کوئی، کہیں کہے گا کہ اس کا وقت ختم ہو گیا ہے یا اس طرح کی مزید باتیں کی جائیں گی۔