حمزہ عباسی اور عائزہ خان 10 برس بعد اکٹھے جلوہ گر ہونے کو تیار

Published On 06 March,2023 03:26 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی اور اداکارہ عائزہ خان اپنے نئے پروجیکٹ ’ جان جہاں ‘میں دس برس بعد ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی کی ٹی وی ڈرامے ’جانِ جہاں‘ کے ذریعے سکرین پر واپسی ہو رہی ہے، اداکار نے چند روز قبل انسٹاگرام پر مداحوں کو اپنی واپسی کی خبر سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے نئے ڈرامے کا ٹیزر بھی شیئر کیا تھا۔

اداکار نے کہا تھا کہ مجھے اپنے آنے والے پروجیکٹ ’جانِ جہاں‘ کو آپ کے سامنے لانے پر خوشی محسوس ہو رہی ہے، جسے ردا بلال نے لکھا اور قاسم علی مرید نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ’جانِ جہاں‘ میں عائزہ خان ، حمزہ علی عباسی کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کریں گی اور دونوں اداکار دس برس بعد ٹی وی سکرین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر عائزہ خان نے ایک پیغام میں اپنے نئے پروجیکٹ کی ایک جھلک شیئر کی اور لکھا کہ ’’ اپنے نئے پروجیکٹ ’جان جہاں‘ کا اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں، یہ انشاء اللہ بڑا پروجیکٹ ہوگا، میگا ہٹ  ’پیارے افضل‘ کے 10 سال بعد میں اور حمزہ ایک بار پھر مل رہے ہیں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ میں ایک بار پھر اپنے پسندیدہ کوسٹار کے ساتھ کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہوں، ثنا اور ثمینہ کا شکریہ کہ آپ نے یہ کیا اور اتنی خوبصورت کہانی بھی پیش کی۔

 

واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی اور عائزہ خان آخری بار 10 برس قبل ڈرامہ ’ پیارے افضل ‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی شاندار اداکاری کی بدولت خوب داد سمیٹی تھی۔