یاسر حسین کا جاوید اختر کے متنازع بیان پر رد عمل سامنے آگیا

Published On 04 March,2023 01:47 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور میزبان یاسر حسین کا بھارتی شاعر ، گیت نگار اور مصنف جاوید اختر کے پاکستان سے متعلق متنازع بیان پر رد عمل سامنے آگیا۔

یاسر حسین ایک بہت ہی باصلاحیت پاکستانی میزبان، اداکار اور ہدایت کار ہیں، انہوں نے اپنے پراجیکٹس ’ کراچی سے لاہور ‘ اور ’ لاہور سے آگے ‘ سے شہرت حاصل کی، فلم ’ جاوید اقبال ‘ ان کے کیریئر کا ایک اور قابل ذکر پراجیکٹ ہے، میزبانی اور اداکاری کے ساتھ ساتھ یاسر حسین ہدایت کار بھی ہیں ، ان کی ہدایت کاری میں بننے والے ڈراموں ’ کوئل ‘ اور ’ ایک تھی لیلیٰ ‘ کو کافی پزیرائی ملی ہے۔

حال ہی میں یاسر نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بھارتی مصنف جاوید اختر کے بیان پر اپنا رد عمل دیا۔

جاوید اختر کے بیان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں فن اور فنکار کو الگ الگ دیکھتا ہوں، میرے نزدیک جاوید اختر نے جو کچھ کہا اس کا ان کے کام سے کوئی تعلق نہیں، مجھے اب بھی ان کی فلمیں پسند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ جاوید اختر نے بہت ہی احمقانہ بات کہی ہے لیکن جو کچھ بھی کہا ہے وہ انتہائی دباؤ میں کہا ہے ، یہ باتیں کہہ کر انہوں نے حقیقت میں اپنی زندگی اب آسان کر دی ہے، اب ان کی اور انکے بچوں کی زندگی ہندوستان جیسے ملک میں آسان ہو جائے گی اور مجھے یقین ہے کہ انہوں نے ایسا بیان جان بوجھ کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے پاکستانیوں کی تعریف کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان میں مہمان کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی، لاہوریوں نے حسن سلوک کا مظاہرہ کیا اور امن کا عظیم پیغام دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فیض فیسٹیول میں جاوید اختر نے الزام لگایا تھا کہ ممبئی حملوں کے دہشت گرد پاکستان میں گھوم پھر رہے ہیں اور اس پر انہیں شوبز ستاروں نے  شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔