امریکا کے معروف ریپر کو گولی مار کر قتل کردیا گیا

Published On 01 November,2022 11:31 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے معروف گلوکار ریپر ٹیک آف کو ہیوسٹن میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

اس حوالے سے غیر ملکی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ 28 سالہ امریکی ریپر ٹیک آف کا اصل نام کرشنک کھری بال تھا جو کہ امریکا کے معروف ہپ ہاپ موسیقی گروپ میگوس کا حصہ تھا۔

اس حوالے سے مزید تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکی ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیک آف کو سر اور گردن پرگولیاں لگیں، معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹیک آف امریکی ریاسٹ ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اپنے انکل اور بینڈ کے رکن کے ساتھ باؤلنگ ایلے میں موجود تھے جہاں انہیں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ میگوس کا شمار امریکا کے مقبول ہپ ہاپ موسیقی گروپوں میں ہوتا ہے، میگوس نے امریکی نوجوانوں میں ریپ میوزک کے نئے طریقے متعارف کروائے جنہیں کافی شہرت اور مقبولیت حاصل ہوئی۔