کوہلی کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر اہلیہ انوشکا شرما بھی سیخ پا

Published On 31 October,2022 02:27 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی سابق کپتان ویرات کوہلی کے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو لیک ہونے پر ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے سلسلے میں آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں موجود ویرات کوہلی نے انسٹا گرام پر اپنے ہوٹل کے روم سے لیک ہونے والی ویڈیو شیئر کی جس میں کرکٹر کے ذاتی سامان، کٹس، پرفیومز اور جوتوں سمیت دیگر چیزوں کو دکھایا گیا تھا۔

ویڈیو پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے فین کی اس حرکت کو نامناسب قرار دے دیا۔

انوشکا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر کوہلی کے کمرے کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ویڈیو لیک کرنے والے اور اسے پھیلانے والوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ "ماضی میں واقعی کچھ ایسے واقعات کا تجربہ کیا ہے جہاں مداح حد پار کردیتے ہیں جو سب سے بری چیز ہے، یہ سراسر غلط حرکت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے"۔

انوشکا شرما نے لکھا کہ "وہ لوگ جو یہ دیکھ کر سوچ رہے ہیں کہ سلیبریٹی ہیں تو ان سب کا سامنا کرنا پڑے گا یہ لوگ بھی اس مسئلے کا حصہ ہیں، اپنے آپ پر قابو رکھیں، یہ سب کے لیے اچھا ہے"۔

اداکارہ نے تمام مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے سوال کیا کہ "اگر یہ آپ میں سے کسی کے بیڈروم میں ہوتا تو بتائیں پھر کیا ہوتا"؟