جنسی ہراسگی بالی وڈ انڈسٹری کی حقیقت ہے: اداکارہ کاجول

Last Updated On 05 October,2018 10:37 am

ممبئی: (روزنامہ دنیا) اداکارہ کاجول نے تنوشری دتہ کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا جنسی ہراسانی فلم انڈسٹری کی حقیقت ہے۔ ایک انٹرویو میں کاجول نے بالی وڈ میں جنسی ہراسانی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تنوشری دتہ نے جو کہا وہ واقعی حقیقت ہے لیکن ہراسانی جیسا قبیح فعل صرف فلم انڈسٹری تک محدود نہیں بلکہ ہر جگہ ہے۔

کاجول کا کہنا تھا کہ صرف خواتین کو نہیں بلکہ مردوں کو بھی جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کاجول نے کہا بالی وڈ میں میرا کیریئر کافی طویل ہے لیکن مجھے کبھی ہراسانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاہم اگر کبھی ایسا ہوتا تو میں اس کیخلاف ضرور آواز اٹھاتی۔ 

اداکارہ نے ’’می ٹو مہم ‘‘ کے بارے میں کہا اس مہم کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے ساتھ ہونیوالی ناانصافی کیخلاف کھڑے ہو رہے ہیں جسے دیکھ کر دوسرے لوگوں میں بھی ہمت آتی ہے اور وہ بھی اپنی آواز بلند کرتے ہیں۔