'سنجو' میں غلط تصویر پیش کرنے پر ابوسلیم کا راجکمار ہیرانی کو قانونی نوٹس

Last Updated On 29 July,2018 10:22 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ڈان ابوسلیم نے فلم’’سنجو‘‘کے ہدایت کاروپروڈیوسرز کو فلم میں ان کی غلط تصویر پیش کرنے پر قانونی نوٹس بھجوادیا۔

’’سنجو‘‘ کے ہدایت کاروپروڈیوسر راجمکار ہیرانی اور ودھوونود چوپڑا مشکل کا شکار ہو گئے ہیں۔ بھارت میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے اور 1993 میں ممبئی دھماکوں کے کیس میں سزا کاٹ رہے بھارتی ڈان ابوسلیم نے راجکمار ہیرانی، ودھو ونودچوپڑا سمیت فلم سے جڑے دیگر لوگوں کو فلم میں ان کی غلط تصویر پیش کرنے پر قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔

ابوسلیم کا کہنا ہے کہ فلم میں ان کے بارے میں غلط دکھایا گیا ہے لہٰذا فلم کے ہدایت کار ان سے 15 دن کے اندر معافی مانگیں ورنہ وہ ان کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کریں گے۔ ابوسلیم نے قانونی نوٹس اپنے وکیل پرشانت پانڈے کے ذریعے بھجوایا ہے۔ پرشانت پانڈے نے فلم کے ایک سین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے نہایت غلط طریقے سے دکھایا گیا ہے۔ سین میں رنبیر کپور جو سنجے دت کا کردار نبھارہے ہیں نے1993 میں ہونے والے ہنگاموں کے دوران اسلحہ اور بارود رکھنے کی بات کی تصدیق کی ہے جو انہیں ابوسلیم کی جانب سے دیا گیا تھا۔

تاہم میرے موکل نے کبھی بھی کسی بھی طرح کا اسلحہ اور گولہ بارود سپلائی نہیں کیا تھا جب کہ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے ابوسلیم کبھی سنجے دت سے ملا ہی نہیں تھا، لہٰذا فلم میں ابوسلیم کی تصویر بگاڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ قانونی نوٹس میں فلم کے جس سین کا ذکر کیا گیا ہے اس کے مطابق رنبیر کپور بیان دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہیں ابوسلیم کپڑے میں لپیٹ کر اسلحہ دے گیاتھا بعد میں دیکھا تو اس میں تین اے کے 56 رائفلز تھیں، جس پر انہوں نے فون کرکے ابوسلیم سے کہا انہیں صرف ایک چاہیے تھی اگلے دن ابو سلیم دو رائفلز واپس لے گیا تھا۔