سال 2023ء: ایلون مسک کی دولت میں 92 بلین ڈالرز کا اضافہ

Published On 01 January,2024 05:58 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سال 2023ء میں ایلون مسک کی دولت 92 بلین ڈالر اضافے سے 232 بلین ڈالر تک پہنچ گئی جس کے ساتھ وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

بلوم برگ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس اور گاڑیوں کی معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے اس سال کے اختتام تک اثاثوں میں بے پناہ اضافہ کر کے اپنا کھو جانے والا دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز واپس حاصل کر لیا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2022ء میں دنیا کے 500 افراد کی مجموعی دولت میں 1.4 ٹریلین ڈالر کمی ہوئی لیکن 2023ء کے اختتام پر انہی افراد کی دولت میں 1.5 ٹریلین ڈالر اضافے کی خوشخبری سنائی جا رہی ہے۔

کئی برسوں تک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص رہے لیکن وہ برتری برقرار نہیں رکھ سکے تاہم سال 2023ء ایلون مسک کیلئے بھی سود مند رہا اور ٹیسلا کے حصص میں شاندار کارکردگی کے باعث ایلون مسک کی دولت 92 بلین ڈالر کے اضافے سے 232 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔

صرف ٹیسلا ہی ایلون مسک کے دوبارہ امیر ترین شخص بننے کی اکیلی وجہ نہیں، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) بھی بزنس میں اتار چڑھاؤ کے باوجود ایلون مسک کی دولت میں اضافے کا باعث بنی۔

بلوم برگ کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخصیات کی فہرست میں دوسرے نمبر پر برنارڈ ارنالٹ ہیں جو فرانس کی لگژری اشیا بنانے والی کمپنی کے مالک ہیں اور ان کی دولت میں رواں برس 126 ملین ڈالر اضافہ ہوا۔

ایمازون کے بانی جیف بیزوس کو اس سال 1.4 ارب ڈالرز کی کمی کا دھچکا لگا لیکن اس کے باوجود وہ 177 بلین ڈالر کی مجموعی دولت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، اس کے بعد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے اثاثوں میں 217 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔