پاکستان میں 2024ء کا آغاز، نئے سال کا کہیں سادگی اور کہیں آتش بازی سے استقبال

Published On 01 January,2024 12:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) تلخ اور شیریں یادوں کے ساتھ پاکستان میں سال 2023ء کا اختتام اور نئے سال 2024ء کا آغاز ہو گیا، ملک بھر میں شہریوں نے کہیں سادگی کے ساتھ تو کہیں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کر کے سال نو کو خوش آمدید کہا۔

خدا کرے میری ارض پاک پر اترے ،،،،،، وہ فصل گل جسے اندیشہء زوال نہ ہو ،،،،،، خدا کرے نہ کبھی خم سرِ وقارِ وطن ،،،،،، اور اس کے حسن کو تشویش ماہ و سال نہ ہو،،، دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے تمام اہل وطن کو سال نو کی مبارکباد، دعا ہے نیا سال پاکستان میں امن و خوشحالی کی نوید لیکر آئے، امید ہے سال 2024 دنیا بھر میں بھی امن اور سلامتی کا سال ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: دعا ہے سال نو پاکستان، پوری دنیا میں خوشحالی، سیاسی، معاشی استحکام لائے: عارف علوی

حکومت کی جانب سے فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان میں نئے سال کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئیں، آتشبازی کے ایونٹس منعقد نہیں ہوئے، نگران وزیر اعظم نے سال نو کی تقریبات پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

سال نو پر ہوائی فائرنگ اور آتشبازی

دوسری جانب رات 12 بجتے ہی سال نو کے آغاز کے ساتھ ملک بھر میں آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا، کراچی میں ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے ساتھ ساتھ نئے سال کا استقبال کیا گیا۔

کراچی میں ہائی الرٹ ہونے کے باوجود صدر، لیاری، گارڈن، سچل، کورنگی، اورنگی، سائٹ، سرجانی، ملیر قائد آباد ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیو کراچی، بلدیہ اور کیماڑی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج ملک کی سلامتی اور ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی: آرمی چیف

شہریوں کی بڑی تعداد سال نو کا جشن منانے ساحل سمندر پہنچی، اس کے علاوہ لاہور اور حیدر آباد سمیت مختلف شہروں میں بھی نئے سال کا استقبال آتشبازی سے کیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد سال نو کا جشن منانے سڑکوں پر نکلی اور ہلہ گلہ کیا گیا۔

نیو ایئر نائٹ پر امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب میں 21 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور دیگر ملکوں میں سال نو کا شاندار استقبال

قبل ازیں دنیا میں سب سے پہلے نئے سال کا استقبال نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے سکائی ٹاور پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کر کے کیا گیا، اس دوران آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے نہا گیا اس کے بعد آسٹریلیا کے ہاربر برج پر بھی لائٹ شو کا اہتمام ہوا، شہریوں کی بڑی تعداد نے آتش بازی کو انجوائے کیا، آسمان روشنیوں سے جگمگاتا رہا، شہریوں پر دلکش نظارے کا سحر طاری رہا۔

تائیوان میں سرکاری سطح پر نئے سال کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا، ہانگ کانگ میں بھی وکٹوریا ہاربر پر شاندار آتش بازی کی گئی، سیاحوں نے بھی ایونٹ میں جوش و خروش سے شرکت کی، تھائی لینڈ میں بھی سال نو کی رنگا رنگا تقریبات ہوئیں، دبئی میں نئے سال کا استقبال برج خلیفہ پر شاندار آتش بازی کر کے کیا گیا، خوبصورت نظارے کو شہریوں کی بڑی تعداد نے دیکھا۔