اسلام آباد: (دنیا نیوز) پولیس نے کرائم کے خلاف اقدامات کی ماہانہ رپورٹ آئی جی اسلام آباد کو پیش کر دی، رپورٹ ایس ایس پی آپریشن آفس کی جانب سے مرتب کی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے گزشتہ ماہ اسلحہ، منشیات، اموال کے مقدمات اور اشتہاریوں سمیت 3484 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 358 ملزمان سے 16 کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا، ان میں ڈکیتی، سرقہ بالجبر، نقب زنی، چوری، گاڑی و موٹر سائیکل چوری کے ملزمان شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے نومبر میں 45 گاڑیاں، 82 موٹرسائیکل برآمد کئے جبکہ 45 جرائم پیشہ گروہوں کے 114 ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا، 232 منشیات فروشوں سے 60 کلو گرام چرس، 77 کلو گرام ہیروئن، 1460 گرام آئس، 1054 بوتلیں شراب برآمد کیں۔
اسلام آباد پولیس نے ماہ نومبر میں ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں 160 ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان سے 12 کلوشنکوفیں و بندوقیں، 132 پسٹل اور بھاری ایمونیشن برآمد کیا، سنگین و دیگر مقدمات کے 334 اشتہاریوں کو بھی حراست میں لیا گیا، اسی طرح ایک سہولت کار سمیت 788 بھکاریوں کو بھی گرفتار کیا۔